نیویارک: (دنیا نیوز) سوڈان کے علاقے الفشر پر مسلح گروہ آر ایس ایف کے قبضے کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستانی سوڈان کے الفشر پر آر ایس ایف کے قبضے کی مذمت کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ الفشر پر آرایس ایف کا محاصرہ جنگی جرائم کی ایک جھلک ہے، دارفور میں انسانیت خلاف ورزی ناقابل قبول ہیں۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ کشیدگی بڑھ رہی ہے، خواتین، بچے اور بزرگ محفوظ نہیں ہیں، سوڈان کی خودمختاری، علاقائی سلامتی خطرے میں ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مسلح گروہ آرایس ایف کا ٹھوس احتساب کرے، سوڈان میں خانہ جنگی کے خاتمے، سیاسی حل اور شفاف عدالتی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دارفور میں جاری بحران پر عالمی برادری کا رد عمل فوری ہونا چاہیے، پاکستان نے فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کی پابندی کی تلقین کی۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے لیے امدادی ترسیل میں رکاوٹوں کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔



