سوڈان میں خانہ جنگی سے انسانی بحران تشویشناک صورتحال اختیارکرگیا: اقوام متحدہ

Published On 25 October,2025 03:41 am

الفاشر: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان میں خانہ جنگی سے انسانی بحران تشویشناک صورتحال اختیار کر گیا۔

اقوام متحدہ نے ممکنہ تباہی سے خبردار کر دیا، سوڈان میں 3 کروڑ شہریوں کو بھوک اور نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑ رہا، اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ دنیا بحران کے حل کیلئے انسانی بنیادوں پر توجہ دے۔

واضح رہے کہ ملک کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور اس کی حریف ملیشیا ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اپریل 2023 سے جاری لڑائی کے باعث ملک کو بڑے پیمانے پر تشدد، بھوک اور نقل مکانی کا سامنا ہے جس نے دنیا میں سب سے بڑے انسانی بحران کی شکل اختیار کر لی ہے۔

حالیہ دنوں ریاست شمالی ڈارفر میں جاری شدید لڑائی میں بڑے پیمانے پر انسانی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ریاستی دارالحکومت الفاشر میں ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں شہری ہلاک ہو گئے تھے، اس علاقے میں واقع زمزم پناہ گزین کیمپ میں ایک سال قبل قحط کی تصدیق ہوئی تھی۔

الفاشر  آر ایس ایف  کے محاصرے میں ہے جہاں سڑک کے ذریعے خوراک یا دیگر مدد پہنچانا ممکن نہیں رہا، ان حالات میں شدید بھوک نے جنم لیا ہے اور بڑے پیمانے پر قحط پھیلنے کا خطرہ ہے۔