ایرانی وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ، غزہ، یمن بارے تبادلہ خیال

Published On 22 October,2025 05:59 am

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ اور یمن کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے بین الاقوامی برادری کی اس ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تسلسل کو روکے اور غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔

سید عباس عراقچی نے یمن کی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور اسرائیل کی جانب سے عرب ملک کے خلاف جارحیت کی مذمت کی، انہوں نے ایران اور اقوامِ متحدہ کے درمیان تعاون کے تسلسل پر زور دیا تاکہ یمن میں استحکام اور خطے میں سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انتونیو گوتریش نے خطے میں استحکام اور سلامتی کے لئے سفارتی مشاورت کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔