لیویز کو پولیس میں ضم کا فیصلہ غیر مقبول مگر وقت کی ضرورت ہے: سرفراز بگٹی

Published On 02 November,2025 09:58 pm

زیارت: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ بظاہر غیر مقبول مگر وقت کی ضرورت ہے۔

بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت کیلئےصوبےکے ہرکونے میں جانےکو تیار ہوں، وسائل کی کمی ہو تو پیدل بھی عوام تک پہنچوں گا، بلوچستان کے وسائل اور مسائل سب کے سامنے ہیں، بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح وسائل کے شفاف اور درست استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ  بلوچستان بھر میں انتظامی حدود کا ازسر نو تعین کیا جارہا ہے، جبکہ زیارت میں نئے ضلع کے قیام پر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سنجیدہ غور کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ بظاہر غیر مقبول مگر وقت کی ضرورت ہے، سنجاوی میں عوامی مطالبے پر چار نئے پولیس سٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سنجاوی میں بائی پاس اور نشاندہی کردہ 15 کلومیٹر نئی سڑک تعمیر کی جائے گی اور سنجاوی کے لیے لینڈ سیٹلمنٹ کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔

اُن کا سنجاوی کے طلبہ کیلئےکیڈٹ کالج زیارت میں 2 نئےبلاکس اور 4بسوں کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو وعدہ کیا ہے وہ پورا کیا ہے،کوئی ایسا وعدہ نہیں کریں گےجو پورا نہ ہو،محکمہ تعلیم میں بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی جارہی ہیں، میرٹ کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی جائے یقین دلاتے ہیں فوری کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال سنجاوی کو20 بستروں پر مشتمل مثالی طبی ادارے میں تبدیل کیاجائےگا، جبکہ سنجاوی کے ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کیاجائےگا۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سنجاوی کےبوائز اور گرلز کالجز کیلئےعلیحدہ عمارتوں کی تعمیر اور 2 بسوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سنجاوی میں افسران و اہلکاروں کے لیے نیا انتظامی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، زیارت کے14 غیرفعال سکول موسم سرما کی تعطیلات کے بعد مکمل طور پر فعال ہوں گے۔