اسلام آباد ہائیکورٹ کا سلمان اکرم راجہ کی بانی سے آج ہی ملاقات کرانے کا حکم

Published On 04 November,2025 10:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل حکام کو سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج ہی ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان بھی عدالت میں موجود تھیں۔

دوران سماعت جیل حکام کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی، جس پر عدالت نے جواب کی کاپی فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے عدالت سے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں، ہدایات لینے کے بعد ہی جواب دے سکتا ہوں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس اختیار نہیں ہے؟ جس پر ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کرنی ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ جیل حکام نے آج آنا تھا، وہ کہاں ہیں؟ جیل حکام نے کوئی رپورٹ جمع کرائی ہوئی ہے وہ لے لیجئے گا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فُل بنچ کے حکم کے باوجود ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ ہم یہ درخواست ملاقات کیلئے نہیں سُن رہے، ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت یہ ہدایت کر دے کہ بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات کرا دی جائے۔

عدالت نے کہا کہ فُل بنچ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا آرڈر کیا تو تھا، جس پر ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ وہ صرف زبانی آرڈر تھا، تحریری حکمنامہ نہیں ملا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ آرڈر نہیں ملا؟ ہم نے آرڈر پر دستخط کر دیئے تھے، آپ نے آرڈر کیلئے اپلائی نہیں کیا ہوگا، جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے اپلائی کیا تھا کاپی نہیں ملی، اب دوبارہ کر دیتے ہیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ جیل حکام سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات یقینی بنائیں۔

ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج ملاقات کا دن ہے، آج ہی ملاقات کرانے کا حکم دیں، جس پر عدالت نے کہا کہ آج ہو یا آئندہ منگل ملاقات ہو جائے، وکیل نے استدعا کی کہ آج ہی ملاقات کیلئے آرڈر میں لکھ دیا جائے۔

جسٹس ارباب طاہر نے کہا کہ جیل حکام آج ہی بانی پی ٹی آئی سے سلمان اکرم راجہ کی ملاقات یقینی بنائیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور سٹیٹ کونسل فون کال کے ذریعے جیل حکام کو آگاہ کریں، اس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آپ کے پچھلے آرڈر سے تو ہمیں ملاقات نہیں کرنے دی گئی، آج پھر کوشش کر لیتے ہیں، کوشش جاری رکھیں گے، کسی دن تو یہ دروازہ کھلے گا، پچھلے سات آٹھ ماہ سے مسلسل عدالتی حکم کی توہین کی جا رہی ہے۔

ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ نے کیس سے متعلق بانی سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا اور کہا کہ بانی سے ملاقات کر کے عدالت کو کیس سے متعلق آگاہ کروں گا۔

عدالت نے سلمان اکرم راجہ کو بانی سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔