جسٹس (ر) علی اکبر قریشی دوبارہ چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن مقرر

Published On 07 November,2025 11:33 am

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کو دوبارہ چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن مقرر کر دیا، عدالت نے تمام محکموں کو چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن کی معاونت کے احکامات جاری کر دیئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ لاہور سے کراچی اور اندرون سندھ جانے والی گاڑیوں کا دھواں لاہور کی فضا کو آلودہ کرتا ہے، جی ٹی روڈ کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ (ادارہ تحفظ ماحولیات) ای پی اے کا فوکس صرف لاہور پر نہیں ہونا چاہیے، ای پی اے افسران شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی تعینات کئے جائیں، ان کا ڈیوٹی روسٹر عدالت کے ساتھ شیئر کیا جائے، اگلے دو ہفتوں میں لاہور میں کوئی دھواں چھوڑتی گاڑی نظر نہ آئے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ صرف پرانے آرڈر پر عملدرآمد ہوگیا ہوتا تو صورتحال مزید بہتر ہوتی۔

دوران سماعت واسا نے رپورٹ جمع کرائی کہ ان کے ترقیاتی کاموں کا فیز ون مکمل ہوگیا ہے، سڑکوں کی بحالی کیلئے ایل ڈی اے کو فنڈز ٹرانسفر کئے جا چکے ہیں۔

وکیل التمش سعید نے نشاندہی کی کہ اس وقت عدالت میں بھی اے کیو آئی 190 سے زائد ہے، عدالت میں بھی ایئر پیوریفائر لگائے جائیں۔

جسٹس شاہد کریم نے جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کو دوبارہ چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن مقرر کرتے ہوئے تمام محکموں کو کمیشن کی معاونت کا حکم دے دیا، عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔