لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کالجز لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام گلبرگ کیمپس میں اقبال ڈے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا و طالبات نے مفکرِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
پنجاب کالجز لاہور لٹریری سوسائٹی کی جانب سے یومِ اقبال کے سلسلے میں تقریب کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو اقبال کی تعلیمات اور نظریات سے روشناس کروانا ہے تاکہ نوجوان اپنے ماضی اور اپنی پہچان سے جڑ کر مضبوط اور باشعور قوم کے طور پر ابھریں، تقریب میں طلبا و طالبات نے قومی شاعر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کلامِ اقبال پر مبنی نغمے، تقاریر اور مکالمے پیش کیے۔
اقبال ڈے کے موقع پر خصوصی ڈراما ’’ہاتھ آ جائے مجھے میرا مقام اے ساقی‘‘ بھی پیش کیا گیا جس میں اقبال کے تصورِ خودی اور کردار سازی کے پیغام کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا، چیئر پرسن سٹوڈنٹس افیئرز حلیمہ سعدیہ کا کہنا تھا اقبال نے آزادی کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر آج کی نوجوان نسل ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے رہنماؤں کے افکار اور اصولوں کو زندہ رکھیں۔
شاعرہ رابعہ رحمان اور خطاط عبدالحنان نے کہا نوجوان اقبال کے شاہین ہیں اور قوم کی اصل طاقت بھی یہی ہیں، اقبال نے نوجوانوں کو بلند حوصلہ اور جدوجہد کا پیغام دیا جسے سمجھنا وقت کی ضرورت ہے، بلاشبہ علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں کو اپنی ذات اور صلاحیتوں کو پہچاننے کی تعلیم دی تاکہ وہ اپنے مقدر کے مالک بن سکیں۔



