خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگرد ہلاک

Published On 18 November,2025 09:35 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقہ دتہ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں خفیہ معلومات پر کی گئی جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے، ان دہشت گردوں میں 4 افغان نکلے ہیں جبکہ ان میں ایک خارجی ونگ کمانڈر عالم محسود بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تلاش کے لیے آپریشن تیز کر دیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے جاری رہے گا، بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنہ الخوارج کے کارندوں، بشمول سرغنہ عالم محسود، کا مارا جانا سکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ انتہاپسندی و دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے میں خلل ڈالنے کیلئے کسی سطح پر کوئی سیاسی چال یا توجہ بٹانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، اللّہ کے فضل سے پاک سرزمین کو جلد ہر خارجی کے شر سے پاک کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی اور دتہ خیل میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے، قوم خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔