آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے حلف اٹھا لیا

Published On 18 November,2025 01:04 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر نے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، فریال تالپور اور ارکان اسمبلی سمیت اعلیٰ سول قیادت اور عسکری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے 16 ویں وزیراعظم فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں کہ یہ ذمے داری سونپی، مشکل وقت میں یہ ذمہ داری نبھانا آسان نہیں، آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا، پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمے داری اٹھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک آرمی کو خراج تحسین جو جانوں کی قربانیان دے کر ہمارا دفاع کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران 36 اراکین نے فیصل ممتاز کے حق جبکہ 2 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیا جس کے بعد پیپلزپارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں جبکہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوئے۔

یاد رہے کہ چودھری انوارالحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھجوایا گیا تھا تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔

تحریک عدم اعتماد سردار جاویدایوب، چودھری قاسم مجید نے دیگر کے ہمراہ پیش کی تھی، تحریک عدم اعتماد میں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا تھا۔