عوام کے مسائل کو وسائل کے اندر رہ کر حل کرنا ہے: نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر

Published On 17 November,2025 07:29 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے کہا کہ عوام کے مسائل کو وسائل کے اندر رہ کر حل کرنا ہے۔

ایوان سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے کہا کہ اللہ نے سیاسی ورکر کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی، یہ ذمہ داری صرف مجھ پر نہیں ان سب پر ہے، جنہوں نے مجھے ووٹ دیا۔

فیصل راٹھور نے کہا کہ ذوالفقاربھٹو، بے نظیر بھٹو نے میرے والد پر وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری دی، آج بلاول بھٹو نے مجھ پر اعتماد کیا اور ذمہ داری دی، پہلی بار جانے والا وزیراعظم آنے والے وزیراعظم کو خوش آمدید کہتا ہوا رخصت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی حقیقت ہے جسے تسلیم کرنا ہوگا، کچھ مسئلے حل ہوسکتے تھے جس میں تاخیر ہوئی، بطور وزیراعظم عہد کرتا ہوں میرے قلم سے تاخیر نہیں ہوگی۔

فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم مراعات یافتہ طبقہ ہیں لیکن ہم سیاست دان ایسے نہیں ہیں، میرے والد نے اپنا ایک ہی مکان بنایا دوستوں کے تعاون سے بنایا، اسے میں نے اپنے الیکشن کے اخراجات پورے کرنے کے لئے فروخت کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے اثاثے آج جو ہیں وہ میرے وزرات عظمیٰ کے بعد بھی دیکھ لیجئے گا، جو لوگ آج ہماری حکومت بنانے کے لئے ہمارے ساتھ شامل ہوئے یہ پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئے ہیں، آئندہ الیکشن میں الیکش لڑیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ ریاست کی جو صورت حال اس میں احتجاجی تحریکیں چل رہی ہیں، سیاسی قیادت کمزور ہو چکی ہے، ایک بڑا چیلنج ہے، ہم نے پاکستان کے ساتھ اپنے رشتوں کو مضبوط کرنا ہے، یہ پیپلز پارٹی کی خالص حکومت ہے۔

فیصل راٹھور نے کہا کہ کوشش کرنی ہے ہم اس 6، 7 ماہ میں ڈیکیور کر گئے تو اگلی حکومت میں ایک ایم ایل اے کی حیثیت سے کام کروں گا، میں ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کرتا رہا ہوں ان کے کچھ معاملات جینوئن ہیں، کچھ مشکلات ہیں، ہم ان کے ساتھ بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صاحبان کے پاس ایک گاڑی ہوگی، سیکرٹریز کی تعداد 20 باقی ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، سپیشل سیکرٹری اور سینئر سیکرٹری کی اسامیاں ختم کرنے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی ٹیکنیکل اسامیوں کو محکمہ تعلیم میں ضم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔