بلاول بھٹو کی نامزد وزیراعظم آزاد کشمیر کو عوامی رابطے بڑھانے کی ہدایت

Published On 16 November,2025 02:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو عوامی رابطے بڑھانے کی ہدایت کر دی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات زرداری ہاؤس میں ہوئی، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے موقع پر موجود تھیں۔

دوروان ملاقات چیئرمین پی پی نے نامزد وزیراعظم آزاد کشمیر سے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل ذمہ داری اور خوش اسلوبی کے ساتھ حل کریں، عوامی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھائیں تاکہ آزاد جموں و کشمیر کے حقیقی مسائل سے مسلسل آگاہی حاصل رہے۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنی نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔