مظفر آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کل ہوگی جس کا باقاعدہ ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کل ہوگی، پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو فارورڈ بلاک کے دو اور اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی۔
انوارالحق کی کابینہ کے وزیرتعلیم دیوان چغتائی نے بھی پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا، دیوان چغتائی نے فریال تالپور سے ملاقات کرکے پی پی کی حمایت اعلان کیا جب کہ آزاد جموں و کشمیر کی وزیر حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی نے بھی انوارالحق کا ساتھ چھوڑ دیا۔
تقدس گیلانی خواتین کی مخصوص نشست پر ممبر اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، پیپلزپارٹی کو اب 38 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب چودھری انوارالحق کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے، تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی تحریک عدم اعتماد میں غیرجانبدار رہیں گے۔



