پاکستان حقیقی اقتصادی روابط کیلئے پرعزم، پائیدار ترقی امن سے جڑی ہے: اسحاق ڈار

Published On 18 November,2025 02:50 pm

ماسکو: (شاہد گھمن) پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں حقیقی اقتصادی روابط قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے، پائیدار ترقی خطے میں امن و استحکام سے جڑی ہے۔

ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی اقتصادی تعاون، ترقی اور استحکام کیلئے پاکستان کا جامع وژن پیش کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے خطے میں رابطے، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے توانائی، ڈیجیٹل اکانومی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں ایس سی او کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ ملک خطے میں حقیقی اقتصادی روابط قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر انہوں نے غربت، سماجی و معاشی مسائل اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پائیدار ترقی کا دارومدار خطے میں امن اور استحکام سے جڑا ہے۔