جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوکر ہی نوجوان ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں: مصدق ملک

Published On 18 November,2025 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہی نوجوان ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں نجی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ جدید تعلیم موجودہ دور کی ضرورت ہے، سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت مسائل کے حل میں معاون ہوتی ہے، آگے بڑھنے میں بہت سی مشکلات بھی سامنے آتی ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو کر ہی نوجوان ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ پلک جھپکتے ہی عمر گزر جاتی ہے، کتابی علم نہیں سوچنے کا انداز کام آئے گا، گرے ہوئے کو اٹھانا مستقبل کا ضامن ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ مستقبل کا نہ آپ کو پتا نہ ہمیں گمان ہے، جدت پسندی آگے چل کر کام آئے گی، موبائل کے بغیر دُنیا آج کسی کے گمان میں نہیں، جدت آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے کہیں آگے ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان باہر نکلیں تو اپنے دل کی آواز سنیں، کوئی غلطی بھی ہو تو ڈرنے کی ضرورت نہیں، آج گریجویٹس کو نصیحت کرتا ہوں پیچھے دیکھے بغیر استقامت کے ساتھ آگے بڑھیں۔