اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بدلتی دُنیا میں بھی پاکستان کا اہم کردار ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ’ بدلتی دنیا میں پاکستان کے کردار کے عنوان سے مباحثہ‘سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف 90ہزار جانوں کی قربانی دی۔
اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کا اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا، ہم نے بھارتی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا، نوجوانوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈا کو بے نقاب کیا۔
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی فعال ہے، ہمیں سفارتی سطح پر بڑی کامیابیاں ملی ہیں، پاکستان نے بیانیے کو پوری دُنیا کے سامنےرکھا جسے عالمی سطح پر بھی بڑی تقویت ملی، بیانیہ پیش کرنے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا بھی اہم کردار ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بدلتی دُنیا میں بھی پاکستان کا اہم کردار ہے، پاکستان میں 14سال بعد ایس سی او کانفرنس کا انعقاد ہوا، غزہ جنگ بندی میں بھی ہم نے اہم کردار ادا کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے ایس سی او کانفرنس میں شرکت کی، سعودی عرب کےساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ پاکستان کی اہم کامیابی ہے،حکومتی اقدامات کی بدولت معیشت مستحکم ہوئی۔
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا،سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ مل رہا ہے، بھارت کے خلاف عظیم کامیابی سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔



