عدالتی احکامات تک شہر کے پارکوں میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا: لاہور ہائیکورٹ

Published On 19 November,2025 09:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات تک لاہور کے پارکوں میں تعمیراتی کام سے روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک سے متعلق کیس کی گزشتہ سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات تک لاہور کے پارکوں میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا، پی ایچ اے کے وکیل پارک کا کچھ حصہ کنٹریکٹ پر دینے بارے دو ہفتوں میں رپورٹ جمع کرائیں گے، پی ایچ اے وکیل بتائیں گے کہ کیا پارک کا کچھ حصہ کرائے پر دینا موزوں ہے یا نہیں۔

حکم میں کہا گیا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں برگد کا درخت کاٹے جانے بارے رپورٹ جمع کرائی، ممبر جوڈیشل کمیشن رپورٹ کا جائزہ لے کر عدالت کو آگاہ کریں۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کی جاتی ہے۔