ہری پور:(دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں بہت جلد کچھ بڑا ہونے والا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقبول لیڈر اور اس کی اہلیہ جیل میں ہے، اڈیالہ جیل کے باہر قائد تحریک انصاف کی بہنوں پر مبینہ تشدد کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ قائد تحریک انصاف اپنے اہلخانہ سمیت ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، 23 تاریخ کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیں، اگر انتظامیہ یا پولیس نے دھاندلی کی کوشش کی تو انجام اچھا نہیں ہوگا۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے تو حالات سنگین ہوں گے، پاکستان میں بہت جلد کچھ بڑا ہونے والا ہے۔
عمرایوب
رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ قائد سے وفاداری پر مجھے 50 سال سزا سنائی گئی ہم نے فسطائی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مجھ پر 766 مقدمات درج کیے گئے جن میں قتل و دہشت گردی شامل ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری وفاداری ہمیشہ قائد تحریک انصاف کے ساتھ رہے گی، ن لیگ خون لیگ ہے، ہمارے کارکنوں کی شہادتوں کی ذمہ دار۔
جنید اکبر
رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ہری پور سے اسلام آباد اور ڈونگا گلی سے مری جانے والا پانی بند کرکے وفاق کے ساتھ کھلی جنگ کا آغاز ہونا چاہیے۔



