حکومت عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرے گی: وزیراعظم آزاد کشمیر

Published On 19 November,2025 06:10 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرے گی۔

وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے اور ریاست کی محرومیاں دور کرنے کا عہد کیا ہے، اللہ رب العزت نے پاکستان پیپلز پارٹی کو موقع دیا کہ وہ ریاست کی محرومیوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ عوام سڑکوں پر تھی اور بے چینی کی فضاء تھی، آج عوام کے ہاتھوں میں سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور دلوں میں اعتماد ہے، نئی حکومت کے اعلان کے بعد سے پورے خطے میں جشن کا ماحول ہے۔

وزیراعظم ازاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ریاست میں سیاست بحال ہوئی ہے،ہماری 6 ماہ کی حکومت آنیوالی حکومت کا ٹریلر ہو گی، یہ ایک طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے، اگر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں تو مجھے تقرریوں تبادلوں تک محدود نہ رکھنا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے والد راجہ ممتاز حسین راٹھور کی 9 ماہ کی حکومت کا حوالہ دیا اور کہا کہ راجہ ممتاز حسین راٹھور آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار ایک بڑی نعمت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک "بڑی آزمائش" بھی ہے، یہ اقتدار ایک مشکل وقت میں ملا ہے جب سیاست مشکلات کا شکار ہے، عوام اور ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں سے امیدیں وابستہ ہیں، وقت کی قلت کے باوجود کام کرنے کا عزم پختہ ہے۔

اس موقع پر سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے کہا کہ راجہ ممتاز حسین راٹھور دلوں کے وزیراعظم ہمیشہ رہیں گے، موجودہ 6 ماہ کی حکومت 2026 کے بعد آنیوالی حکومت کی بنیاد ہو گی، آنے والی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی۔