ہائیکورٹ ججز نے انٹرا کورٹ اپیل کی آئینی عدالت میں سماعت چیلنج کردی

Published On 22 November,2025 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے انٹرا کورٹ اپیل کی وفاقی آئینی عدالت میں سماعت کو چیلنج کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چار ججز کی درخواست میں انٹرا کورٹ اپیل کو سپریم کورٹ واپس بھجوانے کی استدعا کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائیکوٹ کے ججز نے موقف اپنایا کہ اپیل کو 27 ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے آئینی عدالت منتقل کردیا گیا ہے جبکہ 27 ویں آئینی ترمیم آئین کے بر خلاف ہے۔

اپنے موقف میں انہوں نے کہا کہ مقننہ، انتظامیہ اورعدلیہ 1973 کے آئین کے تحت قائم کی گئیں، آئین کے تحت تین ستون ہیں، آئین میں اختیارات کی تقسیم اور حدود واضح ہیں جبکہ آئین میں ترمیم کا اختیار عدلیہ کو ختم کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

اپنی درخواست میں ججز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اختیارات کی تقسیم پر واضح ہیں۔