ہری پور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہری پور سے اس بار بانی عمران خان کی پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت ضلع ہری پور، کھلابٹ سیکٹر ون میں موجود ہیں، کھلابٹ میں دو یونین کونسل آتی ہیں جن میں 29پولنگ سٹیشن ہیں، 2024کے الیکشن میں روپوش تھا،ہمارے کئی ساتھی جیل میں تھے اورکچھ کے پیچھے پولیس پڑی ہوئی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ساتھیوں پر بہت زیادہ سختی تھی، ہمارے مخالفین 29میں سے 27پولنگ اسٹیشنز ہا رگئے تھے، پی ٹی آئی نے تمام سختیوں کے باوجود29میں سے 27پولنگ سٹیشن جیتےتھے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ہمارے امیدوار نے 82ہزارووٹوں سے شکست دی تھی، مسلم لیگ ن کا امیدواریہاں کھلابٹ میں اپنے گھر کا پولنگ اسٹیشن بھی ہارا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار پی ٹی آئی کھلابٹ میں 29کے29پولنگ اسٹیشن جیتے گی، اس بار تمام پولنگ اسٹیشنز بانی پی ٹی آئی کی پارٹی جیتے گی، چیزیں بالکل واضح ہیں یہاں سے پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
واضح رہے کہ عمر ایوب کو سزا سنائے جانے پر خالی ہونے والی نشست پر عمر ایوب کی ہی اہلیہ انتخاب لڑ رہی ہیں۔



