مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو جیت کا نشان بنا دیا: عظمیٰ بخاری

Published On 23 November,2025 01:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو جیت کا نشان بنا دیا ہے، اسی لئے مسلم لیگ (ن) آج ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے۔

صوبائی وزیر عظمی بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی پولنگ کیمپس کی ویڈیو جاری کر دی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کی گہما گہمی ہے جبکہ تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس خالی پڑے ہیں، تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس میں کہی خالی ٹینٹ لگے کہی خالی کرسیاں ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کا رش لگا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار واضح برتری اور بڑے مارجن سے جیتیں گے، پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار گھر بن رہے، 3 لاکھ مریضوں کو مفت ادویات مل رہی، 20 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں بنی ہیں، 18 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر مل رہے ہیں، جبکہ 25 ہزار الیکٹرک بائیکس نوجوانوں کو مل چکی، 50 ہزار سکالرشپ مل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں جدید ترین الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، اس لئے لوگ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے، مسلم لیگ (ن)کے پولنگ کیمپس میں گہما گہمی ہے، تحریک انصاف کے پولنگ اُجڑے چمن بنے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لوگ خدمت کو ووٹ دیتے انتشار اور نفرت کی سیاست کو عوام مسترد کر چکے ہیں، مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو جیت کا نشان بنا دیا ہے، اسی لئے مسلم لیگ (ن) آج ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے، شکست خوردہ لوگوں نے پولنگ اور نتائج آنے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا کرنا شروع کر دیا ہے

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج عوام باشعور ہو چکے ہیں ان کو کھوکھلی تقریروں سے مرغوب نہیں کیا جا سکتا، نو مئی کے دہشتگرد اور شہداء کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے ووٹ مانگیں گے، عوام انتشاریوں اور فسادیوں کی حقیقت جان چکے ہیں۔