مظفرگڑھ : آزاد امیدوار اقبال پتافی نے دستخط اور مہر لگے بیلٹ پیپرز دکھا دیے

Published On 23 November,2025 05:02 pm

مظفرگڑھ:(دنیا نیوز) آزاد امیدوار اقبال خان پتافی نے دستخط شدہ اور مہر لگے بیلٹ پیپرز دکھا دیے۔

پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ میں آزاد امیدوار اقبال خان پتافی کامیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مختلف پولنگ سٹیشنز میں کم تعداد میں بیلٹ پیپرز ہیں، پریزائیڈنگ افسران کہتے ہیں کہ ہمیں بیگز میں کم تعداد میں بیلٹ پیپرز ملے۔

اُنہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر پریذائیڈنگ افسران نے بیلٹ پیپرز گم نہیں کیے تو ہمیں لکھ کردیں، کچھ پریذائیڈنگ نے یہ لکھ کر دیے کہ ہمارے پاس بیلٹ پیپرز کم ہیں، مختلف پولنگ سٹیشنز میں لوگ اپنی جیبوں میں بیلٹ پیپرز لیکر آئے ہوئے تھے۔

آزاد امیدوار کا پولنگ سٹیشنز سے مبینہ طور پر بیلٹ پیپرز کیساتھ پکڑے گئے افراد کی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے بیلٹ پیپرز کیساتھ پکڑے گئے افراد کو پولیس کے حوالے کیا لیکن کوئی قانونی کاروائی نہ ہوئی۔

اقبال پتافی نے کہا کہ کئی پولنگ سٹیشنز پر سینکڑوں کی تعداد میں بیلٹ پیپرز کم ہیں، ریٹرننگ آفیسر اس تمام کھیل میں ملوث ہے، الیکشن کمیشن سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی توقع رکھتے ہیں۔

اُن کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی۔