الیکشن کمیشن نے طلال چودھری کے بھائی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا

Published On 24 November,2025 12:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے بھائی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا۔

الیکشن کمیشن میں وزیر مملکت طلال چودھری کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی، وزیر مملکت پیش نہ ہوئے، وکیل بھیج دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے طلال چودھری کے بھائی بلال چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے، ابھی ہم بلال چودھری کو نااہل نہیں کرتے، صرف کامیابی کا نوٹیفکیشن روک رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی، کمیشن حکام نے کہا کہ طلال چودھری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، وزیر مملکت طلال چودھری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزیر مملکت نے خلاف ورزی کی اور آنا بھی گوارا نہیں کیا، کمیشن حکام نے آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن ماضی میں ایک وزیر اور امیدوار کے خلاف کاروائی کر چکا ہے، وزیر مملکت کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

وکیل طلال چودھری نے بتایا کہ طلال چودھری نے مجھ سے رابطہ کیاکہ وہ کمیشن میں پیش ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے طلال چودھری کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔