لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سیاست طاقتوروں کیلئے ہی رہ گئی، حالات عام آدمی کیلئے سازگار نہیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اکٹھے ہونے کا مقصد انسانیت کو درپیش مسائل سے آگاہ کرنا ہے، دنیا میں جو نظام چل رہا ہے وہ ناکام ہو گیا، مسلم ممالک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر صنعتی ترقی سے عام آدمی کو کچھ نہیں ملا جبکہ عالمی سطح پر سیاسی ومعاشی حالات عام آدمی کے لیے سازگار نہیں ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ سیاست اب طاقتوروں کے لیے ہی رہ گئی ہے، غزہ آج ورلڈ آرڈر کی مثال بن گیا ہے جبکہ کارپوریٹ سیکٹر صرف طاقتور کے ساتھ ہے، ہم انسانیت کے فوجی ہیں جس کے تحفظ کیلئے کام کرتے رہیں گے، غزہ و فلسطین میں اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کا کوئی کردار نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی اس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسلام ہمیں اتحاد کا درس دیتا ہے، دنیا تبدیل ہو رہی ہے، امت مسلمہ کو بھی بدلتے وقت کے ساتھ اپنا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
اپنے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کشمیر میں بھی بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کے ساتھ حوالے ظلم و جبر کر رہے ہیں وہ دنیا کے سامنے ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جائے، حضور اکرم ﷺ نے جس طرح ریاست مدینہ قائم کی اور ہر ایک کو مساوی حقوق فراہم کیے، اس پر عمل کرنا ہوگا۔



