لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی الیکشن جیتنے والے لیگی امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ایک مرتبہ پھر عوام نے نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، پنجاب میں تمام حلقوں سے لیگی امیدواروں کی بڑی لیڈ نے ثابت کیا لوگ مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، چور چور کی گردان کرنے والوں کا مقدر اب دھاندلی دھاندلی کا ورد رہ گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ مفت ادویات، گھروں میں انسولین پہنچنے، ہیلتھ کلینک، فیلڈ ہسپتال، بی ایچ یو کی حالت بہتر کرنے پر ملا ہے، یہ ووٹ ملا ہے فری ٹریکٹر، فری سپر سیڈر، ٹیوب ویل سولرائزیشن اور کسان کارڈ کیلئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ ملا ہے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کو، یہ ووٹ ملا ہے نواز شریف کینسر ہسپتال اور نوازشریف کارڈیالوجی ہسپتال کو، یہ ووٹ ملا ہے سکالرشپ کو، الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک بسوں کو، یہ ووٹ ستھرا پنجاب کی وجہ سے ملا ہے، یہ ووٹ مریم نواز کے ویژن اور کارکردگی کو ملا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ یہ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کے اثرات ہیں، لیگی امیدواروں نے 20 ہزار سے 1 لاکھ 20 ہزار کی لیڈ سے کامیابیاں حاصل کیں، ہری پور میں بابر نواز کی فتح نے جعلی تبدیلی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، چور چور کی گردان کرنے والوں کا مقدر اب دھاندلی دھاندلی کا ورد رہ گیا۔



