پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی وجہ سے پی اے سی ون کا اجلاس طویل عرصے سے مؤخر

Published On 25 November,2025 11:28 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹیوں سے دستبرداری کی حکمت عملی نے عوامی مفاد کو متاثر کرنا شروع کر دیا جس کے باعث پنجاب اسمبلی میں کئی ماہ سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون (پی اے سی ون) کا اجلاس منعقد نہیں ہو سکا۔

اسمبلی ذرائع کے مطابق پی اے سی ون کے اجلاس سابق اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کی نااہلی کے بعد سے رکے ہوئے ہیں جبکہ نئے اپوزیشن لیڈر کے تعین میں بھی طویل تاخیر نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

نئے اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے تقرری کے بعد کمیٹی کا ایک بھی اجلاس بلائے بغیر چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا جو اس وقت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی منظوری کا منتظر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر نے اپوزیشن کو استعفوں پر غور کرنے کے لیے وقت دے رکھا ہے تاہم اپوزیشن تاحال اپنے حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں کر سکی، اس سیاسی حکمت عملی کا براہِ راست اثر عوامی احتساب کے عمل پر پڑ رہا ہے جو کئی ماہ سے معطل ہے۔

پنجاب میں پی اے سی ون کی چیئرمین شپ ہمیشہ سے اپوزیشن کے پاس رہی ہے مگر موجودہ سیاسی جمود نے پارلیمانی نگرانی اور مالی شفافیت کے عمل کو شدید متاثر کیا ہے۔