محسن نقوی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 25 November,2025 11:59 am

ریاض: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی ہے۔

دوران ملاقات سکیورٹی امور اور دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، برمی مسلمانوں کے لیگل سٹیٹس کے دیرینہ مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر سعودی وزیرِ داخلہ نے اس معاملے کے حل کے لئے پاکستانی وزیرِ داخلہ کی کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا، انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر حملے میں شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

فریقین نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کیلئے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق کیا، جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا ورکنگ گروپ آئندہ ماہ اجلاس منعقد کرے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ پائیدار تعلقات پر فخر ہے۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، پاکستان کے سفیر احمد فاروق، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس اور سعودی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔