ریڈ لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، محکمہ ٹرانسپورٹ نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی

Published On 25 November,2025 12:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس کے دوران منصوبے میں تاخیر کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں تمام شراکت داروں کے ساتھ ثالثی میٹنگ منعقد کی گئی تاہم شراکت داروں نے معاہدے کے مطابق ثالثی کے ذریعے تنازع کے حل پر اتفاق کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ معاہدے کے مطابق تنازع کے حل کے لیے ثالثی پر اتفاق کیا گیا تھا، ٹرانس کراچی نے کنٹریکٹر کی ثالثی کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ عارف حسین خلجی کو بطور ثالث نامزد کیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ خلجی کو ان کے وسیع عدالتی تجربے اور میرٹ کی بنیاد پر نامزد کیا گیا تھا تاہم کنٹریکٹر نے اس نامزدگی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنا نام پیش کر دیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کنٹریکٹر نے مالی شرائط نہ ماننے پر کام کی رفتار سست کرنے یا مکمل طور پر روک دینے کی دھمکی بھی دی ہے جو کہ عوامی فنڈ سے جاری اس اہم منصوبے کے لیے نقصان دہ ہے۔