الیکشن کمیشن طلبی کیخلاف وزیراعلیٰ کے پی اور شہناز عمر ایوب کی درخواستوں پر فیصلہ جاری

Published On 26 November,2025 06:46 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور شہناز عمر ایوب کو الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کرنے کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس سید ارشد علی نے تحریر کیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے دونوں کی درخواستوں کو خارج کر دیا۔

فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کے آرٹیکل 218 تین کو درخواست گزاروں کی جانب سے چیلنج کیا گیا تھا، درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن نے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق وزیر اعلیٰ کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی جانب سے نوٹس دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن وکیل کے مطابق دھمکی آمیز الفاظ کے استعمال پر کسی کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن وکیل کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے دھمکی آمیز الفاظ کے استعمال پر انہیں سزا دی جاسکتی ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کی جاری تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہے جس میں مداخلت نہیں کی جاسکتی۔

فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے اب تک کوئی سخت کارروائی بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف عمل میں نہیں لائی، عدالت دونوں درخواستوں کو خارج کرتی ہے۔