لاہور: (دنیا نیوز) نجم سیٹھی کی ’چڑیا‘ آج سے’دنیا نیوز‘ کی منڈیر پر چہچہائے گی، ملک کے نامی گرامی صحافی، تجزیہ نگار اور فرائیڈے ٹائمز کے مدیر اعلیٰ، ڈیلی ٹائمز کے سابق مدیر نجم سیٹھی آج سے’دنیا نیوز‘ پر ’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘ پروگرام کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زیرک سیاسی مفسر اور تجزیہ نگار نجم سیٹھی کے تجزیے بین الاقوامی تعلقات، جغرافیائی سیاست ، سیاسی تاریخ اور وسیع ذاتی تجربات کے باعث منفرد اسلوب کے حامل ہیں، وہ ایک انتہائی باخبر اور حالات کی نبض پر ہاتھ رکھ کر بات کرنے والے تجزیہ کار ہیں۔
نجم سیٹھی معروف انگریزی جریدے اکانومسٹ، فرائیڈے ٹائمز اور ڈیلی ٹائمز کے ساتھ بھی وابستہ رہے، الیکٹرانک میڈیا میں اپنے ذرائع کو ایک منفرد نام دینے کا کریڈٹ بھی اُنہی کو ہی جاتا ہے اُن کے تجزیات کے دوران ’چڑیا‘ کی مخبری کو بعد ازاں مختلف تجزیہ نگاروں کی طرف سے مختلف ناموں سے نقل کیا گیا۔
معروف صحافی اپنے کالموں اور ٹی وی پروگراموں میں ہمیشہ اپنی ایک مخبر چڑیا کا ذکر کرتے رہے ہیں، یہ چڑیا ہمیشہ اقتدار کی غلام گردشوں میں جنم لینے والی کہانیوں کی خبر لائی۔
نجم سیٹھی اب دنیا نیوز سے وابستہ ہوچکے ہیں اور ہفتے میں تین روز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو رات دس بجے ’دنیا نیوز‘ پر "آج کی بات سیٹھی کیساتھ" کے نام سے پروگرام کیا کریں گے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سیکڑوں صارفین نے نجم سیٹھی کو’ دنیا نیوز‘ سے وابستہ ہونے پر خیرسگالی کے پیغامات بھیجے ہیں۔
— Najam Sethi (@najamsethi) November 26, 2025
دوسری جانب نجم سیٹھی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ آج سے دنیا نیوز پر اپنے پروگرام کا آغاز کریں گے۔



