لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
پنجاب اسمبلی میں نو منتخب ایم پی ایز کی حلف برداری کے دوران اپوزیشن نے شدید نعرے بازی کی، حکومتی بینچوں سے بھی شیر آیا کے نعرے لگائے گئے۔
حلف اٹھانے والوں میں نومنتخب ارکان اسمبلی میاں سلطان رانجھا، علی حیدر نور نیازی ، آزاد علی تبسم ، طاہر پرویز ، احمد شہریار اور محمد حنیف شامل ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا، اپوزیشن کے شور شرابے میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
حلف کے موقع پر اپوزیشن کے شدید شور شرابے سے کان پڑتی آواز سنائی نہ دی، اپوزیشن ارکان اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر ڈیسک بجاتے رہے، حکومتی ارکان اسمبلی نے اپوزیشن ارکان کے نعروں کا بھرپور جواب دیا۔



