ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز

Published On 08 December,2025 12:18 pm

لاہور: (محمد اشفاق) پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا۔

پنجاب میں رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کی سرکاری رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی جس میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 94 ہزار سے زائد غیر قانونی نمبر پلیٹس پکڑی گئیں جن پر 20 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی دوران کالے شیشوں کے خلاف بھی بڑا کریک ڈاؤن جاری رہا جس کے نتیجے میں 2 لاکھ 2 ہزار سے زائد چالان کیے گئے اور صوبے بھر میں 10 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زیادہ جرمانے عائد کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں لاہور سرفہرست رہا جہاں غیر قانونی نمبر پلیٹس کے تین لاکھ سے زائد اور کالے شیشوں کے 64 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان بھی خلاف ورزی کرنے والے اضلاع میں نمایاں رہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائیاں شہریوں کی سکیورٹی اور قانون کی بالادستی کے لیے کی جارہی ہیں جبکہ مہم کو مزید سخت کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔