اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر ہم اس عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کے رہنما اصول ، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط، آج بھی ہماری قومی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف، رواداری اور مساوی حقوق کے فروغ کے لئے ان کی غیر متزلزل جدوجہد نے ایک ایسے پاکستان کی بنیاد رکھی جہاں تمام شہریوں کو عزت، تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد بھی پیش کرتا ہوں، کرسمس امن، محبت، ہمدردی اور خیرسگالی کا پیغام دیتا ہے، جو پاکستان کے قیام کے بنیادی اصولوں اور شمولیتی قومی اقدار سے ہم آہنگ ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ دن قومی یکجہتی کو مزید مستحکم کرے، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے اور ہمیں ایک پُرامن، باوقار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کاوشوں کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرے۔



