بانی پی ٹی آئی کو دہشت گردوں کا سہولت کار سمجھتا ہوں: میاں جاوید لطیف

Published On 07 January,2026 11:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا ہے، میں تو بانی پی ٹی آئی کو دہشت گردوں کا سہولت کار سمجھتا ہوں، بھارت کی پراکسی کا دفاع پی ٹی آئی کرتی ہے۔

پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ قومی ڈائیلاگ حکومت کی ضرورت ہے، قومی ڈائیلاگ بانی پی ٹی آئی کی ضرورت نہیں، بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا امن وامان نہیں ہے۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان بڑے عرصے بعد بھارت سے جنگ جیتا ہے، بڑے عرصے بعد پاکستان کا دنیا میں اعتماد بحال ہوا ہے، جنگ جیتنے کے بعد پاکستان کا اعتماد بحال ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت انتشار پیدا کر رہے ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کو ختم کرنا پاکستان کے مفاد میں ہے، اگر یہ دہشت گردوں سے ہی بات کرنا چاہتے ہیں تو براہ راست بھارت سے ہی کر لیں، بھارت شکست کے بعد آگ میں جل رہا ہے اور بدلہ لینا چاہتا ہے۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اگر شہباز شریف حکومت میں 40 ہزار طالبان واپس آئے تو میں سیاست ہی چھوڑ دوں گا، طالبان کو جیلوں سے واپس نکالنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی، جنرل باجوہ، فیض حمید نے کیا تھا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی، فیض حمید کو سزا دی گئی ہے تو باقی لوگوں کو بھی دی جانی چاہئے۔