فٹبال ورلڈ کپ میں خاتون اینکرز کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری

Last Updated On 03 July,2018 09:39 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں فٹبال ورلڈکپ کے موقع پر خواتین میڈیا اینکرز کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین واقعے میں ماسکو میں ایک تماشائی نے ہسپانوی خاتون اینکر کو نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق ماریا گومز ہسپانیہ اور روس کے درمیان میچ سے قبل کیمرے کے سامنے گفتگو کر رہی تھیں۔ اسی اثنا کے دوران ایک تماشائی نے اچانک ماریا پر دھاوا بول کر زبردستی اُس کے چہرے پر بوسہ دے دیا۔ ہسپانوی خاتون اینکر نے اپنے ہراساں کیے جانے کا ویڈیو کلپ ٹوئٹر پر شیئر کیا۔ ماریا نے ٹوئٹر پر انتہائی سنجیدگی سے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اس نوعیت سے تنگ کیا جانا کوئی مذاق نہیں ہے۔

ہسپانوی خاتون اینکر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں اس واقعے کو نظر انداز کرنا چاہتی تھی مگر پھر میں اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کا فیصلہ کیا تا کہ اُن لوگوں کے سامنے جواز پیش کیا جا سکے جن کا کہنا ہے کہ ہم سنجیدہ ہونے میں مبالغے سے کام لیتے ہیں اور جو کچھ ہوتا ہے وہ محض مذاق ہے۔ انہیں اس طرح کا منظر مضحکہ خیز کیسے نظر آتا ہے۔