کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے چیمپئن ورلڈ ریکارڈ ہولڈر سائیکلسٹ کاشف بشیر کسی مسیحا کے منتظر، ڈیم فنڈ کیلئے ہونیوالی سائیکل ریس سے واپسی پر ایکسیڈنٹ میں ٹانگ ٹوٹنے سے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔
کاشف بشیر نے سائیکل پر دودھ بیچ کر سائیکلنگ کا آغاز کیا اور کراچی کے چمپئین اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بنے۔ انہوں نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کیلئے سائیکل ریلی میں شرکت کی اور ریس سے واپسی پر روڈ ایکسیڈینٹ کا شکار ہوگئے۔ خطرناک حادثے میں سائیکلسٹ کی ٹانگ ٹوٹ گئی اور قرضہ لے کر خریدی گئی ساڑھے 4 لاکھ روپے مالیت کی سائیکل بھی ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی۔ غریب سائیکلسٹ نے علاج کیلئے حکومت اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ کاشف بشیر 3 بار کراچی کے چیمپئن رہے، قومی چیمپئن شپ میں سلور اور برونز میڈل بھی جیتا۔ انہوں نے 246 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کیلئے مسلسل 10 گھنٹے سائیکل چلا کر عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔