پیرس: (ویب ڈیسک) فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ رواں سال کا دوسرا بڑا گرینڈ سلام ایونٹ کا آغاز 27 مئی سے ہو گا اور یہ کلے کورٹ پر کھیلا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیائے ٹینس کے مشہور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئینگے۔ ایونٹ کے دوران مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔ رافیل نڈال مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ خواتین میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ اعزاز کا دفاع کرینگی۔
مینز ڈبلز مقابلوں میں ہربرٹ اور نکولس مہوٹ پر مشتمل فرانسیسی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں سینیاکووا اور باربورا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کیلئے پنجہ آزمائی کریگی۔
مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں چین کی لٹیشا چن اور کروشین جوڑی دار آئیوان ڈوڈگ اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ میگا ایونٹ کا اختتام 9 جون کو ہو گا۔