ٹینس رینکنگ: نوویک جوکووچ اور نائومی اوساکا پہلی پوزیشن پر بدستور براجمان

Last Updated On 15 May,2019 10:35 am

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی نئی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربین نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی نائومی اوساکا پہلی پوزیشن پر بدستور براجمان ہیں۔

سٹسپاس سٹیفانوس 2 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین ساتویں نمبر پہنچ گئے۔ میڈرڈ اوپن چیمپئن کیکی برٹنز نے کیریئر بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کر کے ہائسٹ رینکڈ ڈچ کھلاڑی ہونے کا اعزاز پا لیا۔

اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے تحت رافیل نڈال دوسرے اور راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ڈومنک تھیم ایک سیڑھی چڑھ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے الیگزینڈر زیوریف کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل دیا۔ کائی نیشکوری ایک درجہ ترقی پا کر چھٹے نمبر پر آ گئے جبکہ سٹیفانوس کی ترقی کا تسلسل جاری ہے اور دو سیڑھیاں چڑھ کر ساتویں نمبر پر آ گئے۔

دوسری جانب ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ اور اینجلیق کربر ایک، ایک درجہ اوپر چڑھ کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر پہنچ گئیں۔ ہالینڈ کی کیکی برٹنز میڈرڈ اوپن ٹائٹل جیت کر تین درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین چوتھے نمبر پر آ گئیں۔ پیٹرا کویٹووا تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئیں۔ بلینڈا بینسک تین درجے بہتری کے بعد 15ویں نمبر پر آ گئیں۔