اٹالین اوپن ٹینس : ٹکٹوں کی قیمت زیادہ رکھنے پر راجر فیڈرر انتظامیہ سے نالاں

Last Updated On 15 May,2019 09:15 pm

روم: (ویب ڈیسک) 20 بار گرینڈ سلام کے چیمپئن اور سوئس سٹار کھلاڑی راجر فیڈرر نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کو ٹکٹوں کے معاملے پر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ایونٹ کے دوران ٹکٹوں کی زیادہ قیمتیں باعث تشویش ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 37 سالہ ٹینس سٹار کی 2016ء کے بعد کلے کورٹ میں واپسی ہوئی ہے۔ ٹینس کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان کھلاڑی نے ٹکٹوں کے معاملے انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انتظامیہ کو شائقین کا خیال رکھنا چاہیے تھا جو اتنے مہنگے ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

راجر فیڈرر کا کہنا تھا کہ اٹالین ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر کافی خوش ہوں۔ شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کے باعث یہاں کا ماحول کافی شاندار ہو چکا ہے۔

2016ء میں اٹالین اوپن ٹورنامنٹ کے دوران راجر فیڈرر کو حریف کھلاڑی ڈومینک تھیم نے تیسرے رائونڈ میں ہی شکست دیدی تھی۔ راجر فیڈرر کا کہنا ہے کہ میں میڈرڈ اوپن میں اچھا کھیل پیش کر چکا ہوں۔ اس بار اٹالین اوپن ٹورنامنٹ جیتوں گا۔