پیرس: (دنیا نیوز) ویمن فٹبال ورلڈ کپ میں امریکہ نے تھائی لینڈ کو 0-13 سے ہرا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
دنیا نیوز کے مطابق ویمن فٹبال کا عالمی تاج کس کے سر سجے گا، فرانس میں چوبیس ٹیموں کے درمیان چیمپئن بننے کی جنگ جاری ہے، تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں امریکہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو فٹبال کا سبق سکھاتے ہوئے آؤٹ کلاس کر دیا۔ فاتح ٹیم نے 0-13 سے کامیابی حاصل کر کے عالمی ریکاڈ بنا ڈالا۔
امریکن ٹیم نے ہاف ٹائم تک صرف تین گول کیے تھے۔ دوسرے ہاف میں مزید چار گول داغے آخری وقت کے 16 منٹ میں چھ گول جال کی طرف پھینکے۔ اس سے قبل 1991ء میں امریکہ نے چائنیز تائپے کو 0-7 سے پچھاڑا تھا لیکن تھائی لینڈ کو ہرا کر فٹبال کی تاریخ میں نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔
دوسرے میچ میں ارجنٹائن اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد صفر صفر سے برابر رہا۔ میچ برابر ہونے کے بعد ماہرین حیران رہ گئے ہیں، میچ ڈرا ہونے کے بعد ارجنٹائن اور جاپان کو ایک ایک پوائنٹ مل گئے ہیں۔ یہ لاطینی امریکہ ملک کا پہلا میگا ایونٹ میں پوائنٹ سکور ہے۔ میچ برابر ہونے پر ارجنٹائن کی ٹیم کی کھلاڑی کافی جذباتی ہو گئیں اور گلے مل کر خوشی کا اظہار کرتی رہیں۔