اسپین میں مسجد کی تعمیر، فرانسیسی نژاد مسلمان فٹبالر کی چندے کی اپیل

Last Updated On 30 May,2019 06:26 pm

میڈرڈ (ویب ڈیسک) فرانسیسی نژاد مسلمان فٹبالر فریڈرک عمر کانوتی نے اسپین کی ریاست اندلس میں مسجد کے قیام کے لیے چندے کی اپیل کردی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فریڈرک عمر کانوتی نے اسپین کی ریاست اندلس کے دارالحکومت اشبیلیہ میں مسجد کے قیام کے لیے چندے کی اپیل کی جس کی تعمیر مسلمان دورِ حکومت ختم ہونے کے 700 برس بعد کی جائے گی۔ اشبیلیہ میں مسلمانوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر شہر میں مساجد کی ضرورت بھی بڑھنے لگی اور مسلمان برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کمیونٹی سینٹر بھی کھولنے کے خواہش مند ہیں۔

فریڈرک عمر نے 2007 میں ایک کمرشل جگہ کو خرید کر مسلمانوں کے حوالے کیا تھا جس کے بعد سے اس جگہ پر باقاعدگی سے نماز ہوتی ہے، فرانسیسی نژاد فٹبال مسلمان برادری کا ساتھ دینے کے لیے مہم کا حصہ بنے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

فریڈرک نے اسپین سمیت دیگر ممالک میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ مسلمانوں کی عبادت گاہ اور کمیونٹی سینٹر کے لیے دل کھول کر عطیات دیں کیونکہ اندلس کے مسلمانوں کو اس کی شدید ضرورت ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اشبیلیہ میں رہنے والے مسلمانوں کی تعداد 30 ہزار کے قریب ہے، شہر میں چھوٹی مساجد ہیں البتہ جامع مسجد کی طرز پر کوئی مسجد یا کمیونٹی سینٹر قائم نہیں ہے۔