لندن: (دنیا نیوز) فٹبال پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے برائٹن کو چار ایک کی شکست سے دوچار کر کے مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، بڑی جیت کا بڑا جشن منایا گیا اور خوب ہلہ گلہ ہوا۔
امیکس سٹیڈٰیم میں فٹبال کا بڑا مقابلہ، مانچسٹر سٹی اور برائٹن کی ٹیمیں اِن ایکشن ہوئیں۔ سرفہرست ٹیم کے خلاف ستائیسویں منٹ مرے کے گول نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا، آگیرو نے حساب چکتا کیا۔ دس منٹ بعد سٹی کا ایک اور حملہ کامیاب ہوا، دو ایک کے اسکور پر پہلا ہاف ختم ہوا۔
تریسٹھویں اور پھر بہترہویں منٹ پر گول نے مانچسٹر سٹی کو چار ایک کی جیت دلا دی۔ سیزن کے آخری میچ میں مانچسٹر سٹی اٹھانوے پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پر، لگاتار دوسری بار چیمپئن بن گئی۔ بڑی جیت کا بڑا جشن منایا گیا، خوب ہلہ گلہ ہوا۔
ادھر محمد صلاح کی ٹیم لیور پول اپنا آخری میچ جیتنے کے باوجود ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکی، ستانوے پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔