لاہور: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے تو اس کا بہانہ بنا کر انڈین ٹینس فیڈریشن ڈیوس کپ سے راہ فرار ہونے کے راستے تلاش کرنے لگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ہیرن موئے چیٹر جی کا کہنا ہے کہ حالات کا جائزہ لیں گے۔ پاکستان میں اگر حالات ٹھیک نہ ہوئے تو تو انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو خط لکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹر نیشنل باڈی سے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا پوچھیں گے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان ویزے نہیں دے گا اگر ویزہ نہ ملے تو ہم کیسے کھیلیں گے۔
اُدھر صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن جو حکم دے گا وہی کریں گے۔ ڈیوس کپ 14اور 15ستمبر کواسلام آباد میں شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ انٹر نیشنل ٹینس فیڈریشن نے سکیورٹی انتظامات کا پاکستان کا دورہ کر کے پاکستان کو کلیئر قرار دیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے 55سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ دورہ نہ کرنے کی صورت میں انٹر نیشنل فیڈریشن بھارت کو بھاری جرمانہ کر سکتی ہے۔