واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اے ٹی پی سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 51 واں ایڈیشن 29 جولائی سے شروع ہو گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اے ٹی پی سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ایونٹ کے دوران دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ اے ٹی پی ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز اور ویمنز ڈبلز مقابلے ہونگے۔
ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں جرمنی کے الیگزینڈر زویرو اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ مینز ڈبلز مقابلوں میں برطانوی کھلاڑی جمی مرے اور برازیلین جوڑی دار برونو سوریز ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریگی۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں روسی کھلاڑی سوتیلانا کزنٹسوا اعزاز کے دفاع کیلئے میدان میں اتریں گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹورنامنٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ 29 جولائی سے شروع ہونے والا اے ٹی پی ایونٹ 7 روز تک جاری رہنے کے بعد 4 اگست کو اختتام پذیر ہوگا۔
سٹار برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز ایونٹ میں اپنے بھائی جمی مرے کیساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ یہ مرے کا کولہوں کی سرجری کے بعد چوتھا ٹورنامنٹ ہو گا۔ دونوں بھائیوں نے 2015ء میں ایک ساتھ برطانیہ کو ڈیوس کپ ٹائٹل دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ جمی مرے نے گزشتہ برس برازیلین جوڑی دار برونو سوریز کے ساتھ مل کر سٹی اوپن مینز ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔