نئی ٹینس رینکنگ: مردوں میں نوویک جوکووچ کی بادشاہت برقرار

Last Updated On 16 July,2019 07:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربیا کے نامور ٹینس سٹار نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ٹی ایف کی نئی مینز رینکنگ میں نوویک جوکووچ کی بادشاہت برقرار ہے، رافیل نڈال، راجر فیڈرر دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ڈومینک تھیم ، الیگزینڈر زویرو، یونانی کھلاڑی سٹیفانوس، جاپان کے نیشیکوری بالترتیب چوتھے، پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

روس کے کیرن خچانوف ایک درجہ ترقی پاکر نویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے، اٹلی کے فابیو فوگنینی ایک درجہ ترقی پاکر دسویں سے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، روسی ڈینیلی میڈویڈو تین درجے ترقی پاکر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن تین درجے ترقی پا کر گیارہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو کوبھی محنت کا صلہ ملا ہے ، وہ بھی ایک درجہ ترقی پاکر بارہویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ سپین کے روبرٹو باٹیسٹا 9 درجے ترقی پاکر 13 ویں نمبر پر، کروشین کھلاڑی بورنا کوریک 14 ویں نمبر پر ہیں اور امریکا کے جان اسنر تین درجے ترقی پاکر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

ادھر ویمنز ٹینس سنگلز میں ایشلے بارٹی نئی حکمران بن گئی ہیں، ناﺅمی اوساکا دوسرے، کیرولینا پالیسکووا تیسرے، رومانیہ کی سیمونا ہالپ تین درجے ترقی پاکر چوتھے نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔

کیکی برٹنز ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچوین نمبر پر چلی گئی ہیں۔ پیٹرا کویٹوا چھٹے، یوکرائن کی الینا سویٹولینا، امریکا کی سلونی سٹیفنز، امریکا کی سرینا ولیمز، بیلا روس کی آرینا سابالینکا، لٹویا کی اناستاسیجا سیواستوا اور سوئس بالیندا بنکک ایک ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔

انجلیق کربر 8 درجے تنزلی کے بعد 13ویں،۔ قیانگ وانگ ایک درجہ ترقی کے بعد 14 ویں، جوہانا کونٹا 3 درجے ترقی کے بعد 15 ویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ جمہوریہ چیک کی مارکیٹا کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور امریکا کی میڈیسن کیز کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے دونوں کھلاڑی بالترتیب 16 اور 17 ویں نمبر پر ہیں۔