لندن: (ویب ڈیسک) سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن ویمنز سنگلز میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز پر دھاک بیٹھا دی اور پہلی مرتبہ ایونٹ جیت لیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ کی کھلاڑی نے امریکی ٹینس سٹار کو فیصلہ کن میچ میں یکطرفہ طور پر آؤٹ کلاس کر دیا۔ میچ 56 منٹ جاری رہا۔ پہلے راؤنڈ میں سرینا ولیمز کو 2-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے راؤنڈ میں بھی رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے یکطرفہ طور پر امریکی حریف کو 2-6 سے پچھاڑ دیا۔
اس طرح رومانیہ کی کھلاڑی سیمونا ہالپ 2.35 ملین پاؤنڈ (46 کروڑ پاکستانی روپے) کی انعامی رقم کی حقدار ٹھہریں، ہارنے والی کھلاڑی سریناولیمز کے اکاؤنٹ میں 1.175 ملین پاؤنڈ (تقریباً 35 کروڑ پاکستانی روپے) ٹرانسفر کیے جائینگے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سیمونا ہالپ کا کہنا تھا کہ فتح کے بعد میرے گھٹنے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، میچ جیتنا میرے لیے بہت شاندار لمحہ ہے۔ میں نے میچ کے دوران بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں ملا۔ فتح میں سب سے اہم کردار شائقین کا تھا جنہوں نے مجھے ہر موقع پر مدد کی میں اپنے فین اور شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ میں جانتی ہوں کہ وہ (سیمونا ہالپ) دل سے کھیلی اور فتح حاصل کی۔ میں نہیں جانتی کہ میں نے اس میچ میں کچھ غلط کیا ہو۔ میں نے فیصلہ کن میچ میں جان لڑا کر کھیلنے کی کوشش کی تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اسی لیے فتح حریف کھلاڑی کے حصے میں آئی۔ میں ہمت ہارنے والی نہیں اور کوشش کروں گی کہ آئندہ ایونٹ کے دوران بہترین کارکردگی دکھا کر دوبارہ فتح کا ٹریک پکڑ لوں۔
Hail Halep
— Wimbledon (@Wimbledon) July 13, 2019
The Romanian becomes our new champion after defeating Serena Williams 6-2, 6-2 with a magical performance #Wimbledon | #JoinTheStory pic.twitter.com/wkKcGAl1Ny
یاد رہے کہ ویمنز سنگلز سیمی فائنلز میں 23 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن سرینا ولیمز نے جمہوریہ چیک کی بربورا سٹرائیکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-2 سے ہرایا تھا۔
رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ نے یوکرینی کھلاڑی ایلینا سویتولینا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔