ومبلڈن اوپن مینز سنگلز: راجر فیڈرر، رافیل نڈال کی پیشقدمی جاری

Last Updated On 07 July,2019 08:41 pm

لندن: (ویب ڈیسک) سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز میں راجر فیڈرر، رافیل نڈال، کائی نیشکوری، جائو سوزا، جوویلفریڈ تسونگا، سام قیوری، میتیو بریٹینی اور فابیو فوگنینی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میچ میں 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانوی حریف جے کلارک کو 6-1، 7-6 اور 6-2 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔

عالمی نمبر دو نڈال بھی دوسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑی نک کرگیوئس کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 6-3، 3-6، 7-6 (7-5) اور 7-6(7-3) سے پچھاڑا۔

جاپانی کھلاڑی نیشکوری نے برطانیہ کے کیمرون نوری کو 6-4، 6-4 اور 6-0 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ میں جگہ پکی کی۔ فرانس کے تسونگا نے بیرنکس کو ہرا کر ایونٹ سے آؤٹ کر دیا، جائو سوزا نے مرین کلچ کو ہرا کر اگلے راؤنڈ میں پیش قدمی کی۔

ٹورنامنٹ کے دیگر میچز میں میتیو بریٹینی، فابیو فوگنینی، ڈین ایونز، سام قیوری، جان لینرڈ سٹرف اور جانسن نے بھی حریفوں کو مات دیدی اور اگلے راؤنڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔