سیرینا ولیمز: امیر ترین سیلف میڈ خواتین کی فہرست میں شامل پہلی کھلاڑی

Last Updated On 05 June,2019 08:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) فوربز کی جاری کردہ فہرست کے مطابق 23 بار ٹینس گرینڈ سلیم جیتنے والی سیرینا ولیمز 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی مالک ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیرینا ولیمز نے فوربز میگزین کی امیر ترین سیلف میڈ خواتین کی فہرست میں شامل سب سے پہلی اتھلیٹ بن کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ فہرست کے مطابق سیرینا ولیمز اس وقت 22 کروڑؕ 40 لاکھ ڈالرز کی دولت کی مالک ہیں۔

سیرینا ولیمز نے گزشتہ پانچ سالوں میں 34 نئی سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اسپنی سرمایہ کاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں کاروبار کی بنیاد رکھنا چاہتی ہوں اور اس کاروبار کے لیے میں برینڈ بننا چاہتی ہوں۔ خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں سیرینا ولیمز کی جانب سے ایک انسٹا گرام پوسٹ میں اپنا کاروبار شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اس کاروباری فرم کا آغاز مختلف صنعتوں میں موجود تخلیق کاروں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے کر رہی ہیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ 2014ء سے ہی یہ فرم 30 کمپنیز میں سرمایہ کاری کرتی چلی آ رہی ہے۔

فوربز کے مطابق سرینا ولیمز کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری کا 60 فیصد خواتین یا سیاح فام افراد کی کمپنیز میں لگایا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کھیل کے میدان سے باہر جانے کی ابھی کوئی جلدی نہیں ہے، میں ایک برینڈ تخلیق کرنا چاہتی ہوں جو میرے کیرئیر کی طرح طویل ہو۔