فرنچ اوپن ٹینس: نڈال، فیڈرر کی فتوحات کا سلسلہ جاری

Last Updated On 04 June,2019 03:51 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) دفاعی چیمپئن رافیل نڈال، راجر فیڈرر، سٹیفانوس، جان لونڈیرو، کائی نیشکوری، لیونارڈو میئر اور بینوئٹ پیئر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میچز میں نڈال نے ڈیوڈ گوفن کو 6-1، 6-3، 4-6 اور 6-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن فیڈرر بھی تیسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔

راجر فیڈرر نے کاسپر ریوڈ کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 6-3، 6-1 اور 7-6(10-8) سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

جاپان کے نیشکوری نے لاسلو ڈیری کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 6-4، 6-7، 6-3، 4-6 اور 8-6 سے زیر کر کے تیسرا مرحلہ عبور کیا، یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے فلپ کریجی نووچ کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر مات دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

لیونارڈو میئر نے نیکولاس ماہوت کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، جان لونڈیرو نے کورینٹن اور بینوئٹ پیئر نے پبلو کارینو بسٹا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

اُدھر خواتین میں سیمونا ہالپ، گربین مگروزا، جوہانا کونتا، کایا کنیپی، سیواستووا، وونڈروسووا، سیلونی سٹیفنز اور ڈونا ویکچ پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں۔

ویمنز سنگلز تیسرے رائونڈ میچز میں سٹار رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ نے لیزیا ٹی سورینکو کو 6-2 اور 6-1 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ برطانوی جوہانا کونتا نے وکٹوریا کزمووا کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

اسپینش کھلاڑی مگروزا بھی تیسری آزمائش میں سرخرو رہیں، انہوں نے ایلینا سویتولینا کو شکست فاش سے دوچار کیا، سیلونی سٹیفنز نے ہرکوگ، سیواستووا نے ایلیز مرٹنز، وونڈروسووا نے سوریز نوارو اور ڈونا ویکچ نے بینسک کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔