لندن۔ (ویب ڈیسک) سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کا آغاز پیر سے ہو گا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق نوویک جوکووچ مینز اور اینجلیق کربر ویمنز سنگلز ایونٹس میں ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ 14 جولائی تک جاری ایونٹ میں دنیائے ٹینس کے نامور مرد و خواتین کھلاڑی مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں ٹائٹلز کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے۔
مینز سنگلز میں سربین سٹار اور عالمی نمبر ایک جوکووچ جبکہ ویمنز سنگلز میں جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر اپنے اپنے اعزازات کا دفاع کریں گی۔ ایونٹ کیلئے مینز اینڈ ویمنز سنگلز کھلاڑیوں کی سیڈنگز اور ڈراز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ ٹاپ سیڈ مقرر ہوئے ہیں، راجر فیڈرر دوسرے اور رافیل نڈال تیسرے سیڈ ہوں گے۔ ویمنز سنگلز میں ایشلیگ بارٹی پہلی مرتبہ ٹاپ سیڈ مقرر ہوئی ہیں۔
جاپان کی نائومی اوساکا دوسری اور دفاعی چیمپئن جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر کو پانچویں سیڈ رکھا گیا ہے، سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو گیارہویں سیڈ رکھا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اعلان کردہ ڈراز کے تحت نڈال اور فیڈرر کو ایک ہی ڈرا میں رکھا گیا ہے اور دونوں کا ممکنہ طور پر سیمی فائنل مقابلے میں آمنے سامنے متوقع ہے۔
دوسری طرف منتظمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔